اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں اتفاق شوگر مل کی وسطی پنجاب سے جنوبی پنجاب غیرقانونی منتقلی اور عدالتی حکم کے باوجود شوگر مل فنکشنل کرنے سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت نے اتفاق شوگر مل کے وکیل سلمان اکرام راجا سے پابندی کے باوجود شوگر مل چلانے کی وضاحت طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آج جمعرات تک ملتوی کردی ہے۔ چیف جسٹس مےاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطاءبندےال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتل تین رکنی بنچ نے جے ڈبلیو ڈی شوگر مل کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی تو فریق وکیل بیرسٹر اعتزاز حسین جبکہ اتفاق شوگر و دیگرز کے وکیل سلمان اکرام راجا عدالت میں پیش ہوئے ۔ بیرسٹر اعتزاز احسن نے اپنے دلائل میں موقف اختےار کےا کہ تین شوگر ملز جنوبی پنجاب میں لگائی گئی ہیں جبکہ پہلے کہا جاتا رہا کہ یہاں پاور پلانٹ لگاےا جائے گا اس علاقہ میں مزید شوگر مل لگانے پر پابندی ہے جبکہ کپاس(کاٹن) مل لگائی جاسکتی ہے ،چوہدری شوگر مل اور حسیب شوگر مل رحیم ےار خان میں لگائی گئی ہے جبکہ اتفاق شوگر مل مظفر گڑھ میں لگائی گئی ہے، اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل کا ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے اپنے عبوری حکم میں 9 مرتبہ جے ڈبلیو ڈی شوگر مل کی تعمیر کے خلاف حکم امتناع جاری کیا، شوگر ملز کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں بےان حلفی جمع کرواےا گےا کہ یہاں شوگر ملز نہیں بلکہ پاور پلانٹ ہی لگاےا جارہا ہے ، عدالت سے بھی غلط بےانی کی گئی ہے عدالتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے تعمیرات جاری ہیں، پنجاب کے چیف منسٹر کے کئی فون ڈی سی او اور ڈی پی او کو جاتے رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ عدالت میں درست رپورٹ نہیں دے رہے،پنجاب کا حکمران خاندان پابندی اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرکے قانون ہاتھ میں لے رہا ہے،ہم نے وہاں(شوگر ملز) کی تصاویر بناکر بھی جمع کروائی ہیں عدالت کو کہا جارہا ہے چونکہ شوگر مل تو تعمیر ہوگئی اس کو گنا کرش کرنے سے نہ روکا جائے، لاہور ہائی کورٹ کے ڈویڑن بینچ نے اس بنیاد پر کرشنگ کی اجازت دے کر خود اپنے احکامات کی خلاف ورزی کی، جنوبی پنجاب میں مزید شوگر ملوں کے لگائے جانے پر پابندی ہے، کورٹ کی ڈیوٹی ہے کہ وہ غیر قانونی معاملات کو دیکھے، چیف جسٹس نے کہا کہ اگر عدالت ڈی سی او ڈپی او کو بلاکر پوچھے تو وہ جھوٹ بول دیں گے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر فاضل عدالت وضاحت طلب کرلیتی ہے جبکہ انڈر ٹیکنگ بھی دی گئی ہے اسے بھی دیکھتی ہے عدالت اس حوالے سے قانون بھی دیکھے گی ،جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ اب شوگر ملز لگ گئیں اس سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملے گا ، اعتزاز احسن نے کہا کہ کاٹن ملز سے بھی لوگوں کو روزگار ملے گا۔ بعدازاں سپریم کورٹ نے اتفاق شوگر مل کے وکیل سلمان اکرم راجا سے پابندی کے باوجود شوگر مل چلانے کی وضاحت طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آج جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔