اسلام آباد(نامہ نگار)ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے مدارس اور عصری اداروں کے مابین ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل سے معاشرے میں مثبت نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کے زیر اہتما دینی مدارس کے اساتذہ کے لیے یونیورسٹی سرٹیفکیٹ پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ مدارس معاشرے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں کیونکہ انہی کے ذریعے افراد اسلامی تعلیمات سے روشناس ہوتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعات اور مدارس کے باہمی تعاون و روابط سے ایک تعمیری معاشرے قائم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ڈاکٹر معصوم نے اس بات پر زور دیا کہ مدارس کے طلباءکو رائج تعلیمی نظام میں نمائندگی دی جانے کی ضرورت ہے ،تقریب میں ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن الامین ، مہتمم مدرسہ دارالعلوم ڈاکٹر تاج محمد اور ادارے کے دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔
مدارس معاشرے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں،معصوم یٰسین زئی
Feb 09, 2017