مقبوضہ بیت المقدس (اے این این)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو، وزیرخزانہ موشے کحلون اور وزیر برائے ہاسنگ وآباد کاری یوآو گالینٹ نے ایک منصوبے کی منظوری دی ہے جس کے تحت غرب اردن میں یہودی آباد کاروں کو بسانے کیلئے مزید 13 ہزار مکانات کی تعمیر کو یقینی بنانا ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مکانات جنوبی فلسطین کی نتیفوت نامی یہودی کالونی میں تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نیتن یاھو نے نتفیوت یہودی کالونی کی مقامی بلدیہ کی طرف سے تجویز دی گئی کہ کالونی میں مزید مکانات کی تعمیر کے احکامات جاری کیے جائیں۔ وزیراعظم نے ایک نئے حکم نامے کی منظوری دی ہے جس کے تحت نتفیوت کالونی میں مزید 13 ہزار مکانات کی تعمیر جلد شروع کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔اسرائیلی حکام نے زیر حراست سابق فلسطینی وزیر و صفی قبہا کو8ماہ کی انتظامی حراست کے بعد رہا کر دیا۔دریں اثناء اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں الولجہ کے مقام پر واقع فلسطینیوں کے تین گھروں کی فوری مسماری کے احکامات جاری کئے ہیں۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجی کارکن ابراہیم عوض اللہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج اور سول انتظامیہ کی بھاری نفری نے الولجہ قصبے کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران تین مکانات کے مالکان کو مکانات فوری خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے۔ان کا کہنا تھا کہ صہیونی حکام نے نہ صرف تین مکانات کی مسماری کے احکامات دیے بلکہ ایک مقامی قبرستان کو استعمال کرنے سے بھی روک دیا۔اسرائیلی حکومت نے شدت پسند وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین کی سفارش پر فلسطینی شہدا اور اسیران کے معاشی حقوق پر ایک نیا ڈاکہ مارنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکومت پارلیمنٹ (کنیسٹ)میں ایک نیا بل لانے کی تیاری کررہی ہے۔ اس بل کی منظوری کے بعد فلسطینی اتھارٹی کو دی جانے والی رقوم کا ایک بڑا حصہ صہیونی ریاست غصب کرے گی۔ وہ رقوم فلسطینی اتھارٹی کو ادا کرنے کے بجائے فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں سے متاثر ہونے والے یہودیوں کو ادا کی جائے گی۔اسرائیلی وزارت دفاع کی طرف سے پارلیمنٹ میں پیشی کے لیے تیار کردہ بل کو تخریب کاروں کی تنخواہوں کی کٹوتی کا نام دیا ہے۔ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد پر اسرائیلی فوج کا ایک ٹرک الٹنے سے متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے۔سرحد پر غزہ سے300میٹر دور تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔