حکومت معصوم لاشوں پرسیاست نہ کرے: مولانا اکمل

ملتان (سپیشل رپورٹر) مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل نے کہا کہ حکومت معصوم لاشوں پر سیاست نہ کرے۔ انھوں نے کہا جس طرح بدین میں ملزموں کو سزا دی گئی اسی طرح زینب کیس کے ملزم کو بھی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قصور، مردان اور اب بدین میں بھی معصوم جانوں سے کھیلاگیا اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ جب تک اسلامی حدود کو نافذ نہیں کیا جاتا ان برائیوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا نصف صدی سے زائد ہونے کو ہے کہ کشمیر کے مظلوم مسلمان بھارتی جارحیت کا نشانہ بنائے جارہے ہیں اور ہم اقوام متحدہ سے ان کے حق کے لےے کچھ نہ کروا سکے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر کے مظلوم مسلمان پاکستان سے ہی امید لگائے بیٹھے ہیں ہمیں اپنے مسلمان بھائیوں کو دشمن کے ظلم سے نجات دلانی ہے اور کشمیر کو آزاد ریاست قرار دلوانا ہوگا۔ مجلس احرار کے رہنما شیخ حسین اخترلدھیانوی نے کہا کہ تمام مسلمان ایک وجود کی مانند ہیں اور ہمیں فلسطین اور شام کے مسلمانوں کا ساتھ دینا ہوگا ان کو اسرائیل کی بربریت سے بچانا ہوگا۔ مرکزی رہنما صوفی نذیر احمد اور نائب امیر ملتان سعید احمد انصاری نے کہا کہ شام کے مسلمانوں پر مسلسل حملے جاری ہیں اور کئی ہزار شامی مسلمانوں کی جانیں اس صیہونی جنگ کی نذر ہوئی ہیں جب کہ امت مسلمہ خاموش ہے حکومت کی خاموشی بہر حال سوالیہ نشان ہے ہمیں کشمیر‘ فلسطین ‘شام اور برما کے مظلوم مسلمانوں کا ساتھ دینا ہوگا ۔
مولانا اکمل

ای پیپر دی نیشن