سرگودھا+ ساہیوال (نامہ نگاران + نوائے وقت رپورٹ) ممبر صوبائی اسمبلی نظام الدین سیالوی نے سیاست سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے، سیال شریف کی سیاست کا فیصلہ سجادہ نشین خواجہ حمید الدین سیالوی کریں گے، اس حوالہ سے اخبار نویسوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی نظام الدین سیالوی نے کہا کہ ختم نبوت قانون کے حوالے سے پیدا ہونے والے ابہام اور غلط فہمیوں کی وجہ سے سیاست جاری رکھنا ممکن نہیں اس لئے میں نے سیاست سے دستبرداری کا فیصلہ کیا، سیال شریف کی آئندہ سیاست کا فیصلہ خواجہ حمید الدین سیالوی کریں گے اور ہم ان کے ہر فیصلہ کا احترام کریں گے۔ درگاہ سیال شریف اور بزرگوں کی ناموس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور اس کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ صاحبزادہ نظام الدین سیالوی سابق صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ نصیرالدین سیالوی مرحوم کے بیٹے اور موجودہ سجادہ نشین حمیدالدین سیالوی کے بھتیجے ہیں اور ان کے والد کی وفات کے بعد سیالوی خاندان نے سجادہ نشیں محمد حمیدالدین سیالوی کی موجودگی اور رضا مندی سے فیصلہ کیا تھا کہ سیالوی گروپ کی سیاسی کمان صاحبزادہ غلام نظام الدین سیالوی کے ہاتھ رہے گی، تاہم پچھلے کچھ عرصہ سے نظام الدین سیالوی کے تعلقات سجادہ نشین کے بیٹے قاسم سیالوی سے خوشگوار نہیں تھے۔ بعدازاں نجی ٹی وی سے گفتگو میں نظام الدین سیالوی نے کہا ہے کہ خواجہ حمید الدین سیالوی نے سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا حکم دیا ہے، لاہور میں ہوں سیال شریف جا کر سجادہ نشین سے ملاقات کروں گا۔ خاندانی مسائل اور دیگر معاملات سیاست سے دستبرداری کی وجہ بنے۔ سجادہ نشین جو فیصلہ کریں گے قبول ہوگا۔ خاندان کی اکثریت میرے ساتھ ہے مجھے دھمکیاں بھی دی گئیں جس کے ٹھوس ثبوت ہیں، مسلم لیگ ن کے اندر بھی معاملات زیادہ ٹھیک نہیں۔
سیاست چھوڑدی، لیکن حمید سیالوی نے حکم دیا جاری رکھوں: نظام الدین
Feb 09, 2018