نئی جرمن حکومت کے قیام کا معاہدہ طے پا گیا،چانسلر میرکل ہوں گی

برلن(این این آئی)جرمنی میں گزشتہ عام انتخابات کے کئی ماہ بعد چانسلر میرکل کے قدامت سیاسی اتحاد اور نئی وفاقی پارلیمان میں دوسری سب سے بڑی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے مابین نئی مخلوط حکومت کے قیام کا معاہدہ بالآخر طے پا گیا۔ جرمن ریڈیو کے مطابق یورپ کی سب سے بڑی معیشت اور یورپی یونین کے سب سے زیادہ آبادی والے جرمنی میں اس حکومتی معاہدے کے طے پا جانے سے اس قریب ساڑھے چار ماہ پرانے سیاسی عدم استحکام کا بھی خاتمہ ہو گیا ہے، جس کی وجہ یہ بے یقینی تھی کہ آیا ستمبر 2017ءمیں ہونے والے عام الیکشن کے بعد کوئی نئی مخلوط وفاقی حکومت بن بھی سکے گی یا ملک میں نئے سرے سے انتخابات کرانا پڑیں گے۔نئی اور بہت مستحکم وفاقی حکومت تین سیاسی جماعتوں پر مشتمل ہو گی۔ یہ جماعتیں موجودہ چانسلر میرکل کی کرسچین ڈیموکریٹک یونین یا سی ڈی یو، جنوبی صوبے باویریا میں اس کی ہم خیال پارٹی کرسچین سوشل یونین یا سی ایس یو اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی یا ایس پی ڈی ہیں۔ مخلوط حکومتی مذاکرات میں شامل سیاسی ذرائع کے مطابق ان پارٹیوں کے مابین مشترکہ حکومت سازی سے متعلق حتمی اتفاق رائے برلن میں جاری بات چیت میں ہوا۔

ای پیپر دی نیشن