ملتان‘ مظفر گڑھ‘ اڈا دانڑیں (سپیشل رپورٹر‘ نامہ نگاران) تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلا لئی نے کہا ہے کہ الگ سرائیکی صوبہ کے قیام کے حق میں ہوں مشال قتل کیس میں نہ میں مطمئن ہوں نہ ان کے والدین مطمئن ہیں کیونکہ کے پی کے پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے صحیح تفتیش ہی نہیں کی مشال کیس کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے ان خیالات کااظہار انہوںنے ملتان پریس کلب میں مسلم لیگ ن یوتھ ون ملتان کے کوآرڈینیٹر عبدالرحمن فری ‘ پی ٹی آئی رہنما عرفان حسن خان ‘ رفیق کریمی‘ ملک منظور کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا عائشہ گلا لئی نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں عوام جاگیرداروں‘ وڈیروں ‘ سرمایہ داروں سے ڈرنے کی بجائے اپنے حق کی خاطر باکردار ‘ باصلاحیت ‘پڑھے لکھے افراد کو ووٹ دیں اور ان کے ظلم کی پرواہ نہ کریں تب ہی بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا حقیقی پاکستان بن سکتا ہے انہوں نے کہا کہ مشال کیس میں سیاسی مداخلت کی گئی یہی وجہ ہے کہ مشال قتل کیس میں پی ٹی آئی کا عارف و دیگر اشتہاری ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکے جبکہ دیگر ملزمان بھی پولیس کی ناقص تفتیش کے باعث رہا کردئیے گئے قبل ازیں پی ٹی آئی کی ناراض رکن قومی اسمبلی گزشتہ روز ڈیرہ غازیخان سے اچانک ملتان پہنچ گئیں ملتا ن میں ان کا استقبال ایک طرف پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں سمیت مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے عہدیداروں نے بھی کیا ۔ چوک ناگ شاہ سے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے رہنما عبدالرحمن فری کاروں اور موٹرسائیکلوں کے قافلہ میں انہیں لیکر ملتان پریس کلب پہنچے پریس کانفرنس کے بعد وہ مقامی ہوٹل میں گئیں جہاں ا کے اعزاز میں سماجی رہنماؤں یونس قریشی اور محمد عرفان اور جواد شاہ کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ عائشہ گلا لئی رات کو بذریعہ سڑک اسلام آباد روانہ ہو گئی ہیں دریں اثناء ایم این اے عائشہ گلالئی نے جمعیت علما اسلام ف کے صوبائی نائب صدر یحییٰ عباسی کی رہائش گاہ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر کڑی تنقید کی ہے اور دو ہفتوں میں پاکستان تحریک انصاف گلالئی کے نام سے سیاسی تنظیم بنانے کا اعلان کیا اور کہا تحریک انصاف کے سینکڑوں رہنما رابطے میں ہیں۔عمران خان نے مغربی کلچر کو فروغ دیتے ہوئے بے حیائی کو پروان چڑھانا شروع کررکھا ہے۔ ناچ گانوں کے شوقین عمران خان نے پارٹی میں میرٹ اور ورکر کو نظر انداز کرکے ارب پتی افراد کو عہدوں سے نواز رکھا ہے۔ سینٹ الیکشن میں بھی عمران خان نے پارٹی ورکرز کو نذر انداز کرکے دولت مندوں میں ٹکٹوں کی تقسیم شروع کردی ہے۔ جہانگیر ترین نے عمران خان کو ہائی جیک کرکے فرنٹ میں بنے ہوئے ہیں جن کے ارب پتی بننے کی تحقیقات ہونی چاہیئے۔ پرویز خٹک نے کے پی کے میں بدنظمی کی انتہا کردی ہے اور پنجاب میں شہباز شریف کی گڈ گورنس قابل تعریف ہے جنوبی پنجاب کے کسانوں کے ساتھ گنے کی خریداری میں ظلم کی انتہا کی جارہی ہے جس پر قومی اسمبلی میں آواز بلند کرونگی عائشہ گلالئی رکن قومی اسمبلی کے والد حسب معمول انکے کان میں سرگوشی کرتے رہے انہوں نے مزید کہا حکومت کو چاہیے کو وہ انٹر نیٹ سے غیر اخلاقی مواد ختم کرائے۔دریں اثناء ممبرقومی اسمبلی جمشیددستی سے ان کی بہن کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے عائشہ گلالئی کا کہناتھا کہ سونے کا چمچہ لیکر پیدا ہونے والے لیڈروں کا دور ختم ہورہا ہے، اب غریب اور مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا دور شروع ہورہا ہے.عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ تینوں سیاسی پارٹیاں سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کی پارٹیاں ہیں،تحریک انصاف بھی روایتی سیاست کررہی ہے۔