اسلام آباد (وقائع نگار ) اہلیان بنی گالہ آج دو بجے بعد نماز جمعہ عمران خان چوک کورنگ روڈ بنی گالہ میں سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اور عمران خان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیں گے، عمران خان کی درخواست پر چیف جسٹس آف پاکستان نے نیشنل پارک بنی گالہ اور بوٹینیکل گارڈن کی حدود میں درختوں کی کٹائی اور تعمیرات پر پابندی کے ساتھ بجلی اور گیس کے کنکشن جاری نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ فیصلے کی غلط تشریح کرتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ نے مذکورہ بالا دو مقامات کی بجائے پورے بنی گالہ میں دفعہ 144 نافذ کر کے تعمیرات پر پابندی لگا دی تھی،10 ماہ سے اہلیان بنی گالہ جدی پشتی ملکیتی زمین پر تین اور پانچ مرلے کے گھر تعمیر نہیں کر سکتے۔