5 ہزارکنال جعلسازی کیس، حنا ربانی کھر سمیت کوئی پیش نہ ہوا

Feb 09, 2019

مظفرگڑھ(نامہ نگار)تھانہ انٹی کرپشن میں سابق وزیر خارجہ حناربانی کھرسمیت انکے خاندان کے افراد کیخلاف درج مقدمے کی انکوائری گزشتہ روز بھی ہوئی،سابق وزیر خارجہ حناربانی کھر اور انکے خاندان کے افراد گزشتہ روز بھی پیش نہ ہوئے.حناربانی کھر اور انکے خاندان کیخلاف مبینہ جعلسازی سے 5 ہزار کنال اراضی اپنے نام کرانے کا مقدمہ درج ہے.تفصیلات کیمطابق انٹی کرپشن میں سابق وزیر خارجہ حناربانی کھر اور انکے خاندان کیخلاف درج مقدمے کی گزشتہ روز بھی محکمہ انٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالدشاہ اور سرکل آفیسر وسیم اکبر لغاری پر مشتمل جے آئی ٹی نے انکوائری کی،تھانہ انٹی کرپشن مظفرگڑھ میں حناربانی کھر کے بڑے بھائی عبدالخالق کھر کی مدعیت میں کھر خاندان کے 28 افراد کیخلاف مقدمہ درج ہے،مقدمے کے مطابق حناربانی کھر کے والد نورربانی کھر نے جعلسازی سےاپنی پہلی بیوی زیب النسائ کی 5 ہزار کنال سے زائد اراضی اپنی دوسری بیوی کے بچوں کے نام کرائی.دوسری بار طلبی کے باوجود بھی گزشتہ روز بھی سابق وزیرخارجہ،انکے بھائی ممبرقومی اسمبلی رضا ربانی کھر سمیت خاندان کا کوئی فرد جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہوا.محکمہ مال سے انٹی کرپشن نے موضع کھر غربی میں موجود زمین کے باقی انتقالات کا ریکارڈ طلب کرلیا.واضح رہے اس سے قبل بھی محکمہ مال کی جانب سے جے آئی ٹی کو بتایا گیا تھا کہ موضع پتل منڈا میں اراضی کے متعلق کھر خاندان کی جانب سے پیش کیے جانے والے 4 انتقالات کا بھی سرکاری ریکارڈ موجود نہیں.انٹی کرپشن حکام کے مطابق حناربانی کھر،انکے بھائی اور والد سمیت 28 افراد کو اب طلبی کا آخری نوٹس جاری کیا جائیگا اور پیش نہ ہونے پر یکطرفہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
کھر خاندان

مزیدخبریں