برازیل کے سب سے بڑے فٹبال کلب میں آتشزدگی‘ 10 کھلاڑی ہلاک‘ 3 زخمی

Feb 09, 2019

ریوڈی جنیرو (نوائے وقت رپورٹ) برازیل کے سب سے معروف کلب فلیمنگو میں آگ لگنے سے کم از کم 10 نوجوان فٹبالر ہلاک ہو گئے۔ برازیل کے ساحلی شہر ریوڈی جنیرو میں واقع فٹبال کلب میں علی الصبح آگ لگی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 3 افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ آگ 14 سے 17سال کی عمر کے نوجوان فٹبالرز کی اکیڈمی کی عمارت میں لگی جس پر کئی گھنٹوں بعد قابو پا لیا گیا۔ امدادی کارکنوں نے بتایا کہ کھلاڑی اکیڈمی میں سو رہے تھے کہ عمارت میں آگ لگ گئی تاہم آتشزدگی کی وجوہات سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔ یہ آگ تقریباً صبح 5 بجے ریو دی جنیرو کے ضلع ورگیم گرانڈے میں لگی جہاں اعلیٰ پیشہ ورانہ سہولیات سے لیس برازیل کے سب سے مشہور کلب فلیمنگو کا سکواڈ بھی ٹریننگ کرتا ہے۔ حادثے میں ہلاکتوں کے حوالے سے متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق مرنے والے تمام 10افراد نوجوان فٹبالرز ہیں جبکہ کچھ اطلاعات ہیں کہ مرنے والوں میں 6 نوجوان فٹبالرز اور 4 سپورٹ اسٹاف کے اراکین شامل ہیں۔

مزیدخبریں