نئی دہلی (بی بی سی)’اسلام وعلیکم انسٹا گرام کے ساتھیو، لوگ پوچھ رہے ہیں، مودی جی آپ ہمارے ساتھ ایسا کر کے سو کیسے جاتے ہیں؟ آپ کو نیند کیسے آ جاتی ہے۔ ارے بھیا اگلا بندہ سوتا نہیں تبھی تو ایسی خرافات آتی ہیں دماغ میں۔‘ یہ الفاظ ہیں ناظمہ آپی کے۔ اگر میری طرح آپ بھی اپنا زیادہ تر وقت سوشل میڈیا سکرول کرتے ہوئے گزارتے ہیں تو یقیناً آپ نے دوپٹے میں لپٹی، خالصتاً دلی کے لہجے اور مزاحیہ انداز میں نئے نئے موضوعات پر بات کرنے والی ’نازمہ آپی‘ کو تو ضرور دیکھا اور سنا ہو گا۔ انڈیا میں شہریت کے متنازعہ قانون سے لے کر، دلی میں پھیلی ماحولیاتی آلودگی، ووہان سے نکلے کورونا وائرس اور پیاز کی آسمان کو چھوتی قیمتوں تک۔ ناظمہ آپی ہر سنجیدہ مسئلے پر مزاحیہ انداز میں بات کرتی نظر آتی ہیں۔ اسی مزاحیہ انداز نے ناظمہ کو انڈین انٹرنیٹ پر مقبول کر دیا ہے۔ فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر ہر طرف ان کی بنائی گئی ویڈیوز کو پسند اور شیئر کرنے والے افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ ناظمہ آپی کے کردار کی خالق ہیں سلونی گور۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے سلونی نے بتایا کہ ان کا بچپن یو پی کے بلند شہر میں گزرا جہاں انھوں نے 12ویں جماعت تک تعلیم حاصل کی۔ پھر مزید تعلیم کے لیے وہ دلی آ گئیں اور آج کل دلی یونیورسٹی سے گریجویشن کر رہی ہیں۔ ناظمہ کے کردار کے بارے میں سلونی کہتی ہیں ’ناظمہ آپی ایک ماں ہیں۔ ان کے بچے ہیں اور انھیں ہر ایک چھوٹی بڑی چیز سے دقت ہو جاتی ہے جسے وہ ساری دنیا کو چلا چلا کر بتاتی ہیں اور سب انھیں پسند کرتے ہیں۔‘