کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے کراچی میں غیر قانونی عمارتیں گرانے کا حکم دیا ہے جس پر عمل ہوگا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں شہر سے تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں شہر کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور ہم چیف جسٹس کے شہر کی بہتری کے وژن کے ساتھ ہیں۔ ان کے احکامات پر عمل ہوگا لیکن اس کے لیے وقت درکار ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمارتوں میں مقیم اہل خانہ سے ہمدردی بھی ہے، لوگوں کو بے گھر نہیں کرنا چاہتے لیکن دوسروں کی جگہوں پر قبضہ بھی صحیح نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے کہ جہاں لوگ رہتے ہوں وہاں لوگوں کو نہ ہٹایا جائے اس لیے جن عمارات میں لوگ نہیں رہتے انہیں پہلے گرائیں گے۔ ناصر شاہ نے مزید کہا کہ وفاق سندھ حکومت کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے۔ آئی جی کوفوری طور پر چھٹی پر چلے جانا چاہئے۔ سندھ کے سوا ہر صوبے میں آسانی سے پولیس سربراہ بدل جاتے ہیں۔
چیف جسٹس کے کراچی میں عمارتیں گرانے کے حکم پر عملدرآمد ہوگا: سندھ حکومت
Feb 09, 2020