چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ماتحت عدلیہ کے ججوں ، ملازمین کا یوٹیلیٹی الائونس بڑھا دیا

Feb 09, 2020

لاہور(اے پی پی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ماتحت عدالتوں کے ججوں اور ملازمین کا یوٹیلیٹی الائونس بڑھا دیا۔ چیف جسٹس مامون رشید شیخ کی منظوری کے بعد رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق پنجاب بھر کی ماتحت عدالتوں کے جج اور ملازمین اضافی یوٹیلیٹی الائونس سے استفادہ کریں گے۔ نوٹیفیکشن کے مطابق گریڈ 1 سے گریڈ 6 کے ملازمین کا یوٹیلیٹی الائونس 3 ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار روپے کر دیا گیا، گریڈ 7 اور 8 کے ملازمین کا یوٹیلیٹی الائونس بھی 4 ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار روپے کر دیا گیا، گریڈ 9 سے گریڈ 14 کے ملازمین کا یوٹیلیٹی الائونس 4 ہزار سے بڑھا کر 8 ہزار روپے کر دیا گیا، گریڈ 15 اور 16 کے افسروں کا یوٹیلیٹی الائونس بھی 4 ہزار سے بڑھا کر بالترتیب 10ہزار اور 14 ہزار روپے کر دیا گیا، گریڈ 17 اور 18 کے افسروں کا یوٹیلیٹی الائونس بھی 5 ہزار سے بڑھا کر بالترتیب 15 ہزار اور 20 ہزار روپے کر دیا گیا، گریڈ 19 کے جوڈیشل افسروں کا یوٹیلیٹی الائونس 8 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دیا گیا۔ پنجاب کی ماتحت عدلیہ کے گریڈ 20 اور اس سے اگلے گریڈ کے افسروں کا یوٹیلیٹی الائونس بھی 8 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کر دیا گیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب کی ماتحت عدلیہ کے ججوں اور ملازمین کو اضافہ شدہ یوٹیلیٹی الائونس یکم دسمبر 2019ء سے دیا جائے گا۔ نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب ماتحت عدلیہ کے جوڈیشل افسروں اور ملازمین کے الائونس میں اضافہ نیشنل جوڈیشل پالیسی کمیٹی کی ہدایات کے تحت کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں