ق لیگ سے اتحاد قائم رہے گا، ساتھ لیکر چل رہے، چلتے رہیں گے: عثمان بزدار

Feb 09, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اتحاد ہے اور یہ اتحاد قائم رہے گا۔ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔ اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور چلتے رہیں گے۔ صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ افہام و تفہیم کے ساتھ ہی معاملات آگے کی جانب بڑھتے ہیں۔ اپوزیشن ذہن نشین کر لے کہ حکومت مدت پوری کرے گی۔ مڈ ٹرم الیکشن یا ان ہائوس تبدیلی کا خواب دیکھنے والے پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی نامراد رہیں گے۔ ہمارے اتحادیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور ہمارا اتحاد ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔ اتحاد میں نفاق ڈالنے والوں کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ اپوزیشن سیاسی طور پر ناک آؤٹ ہو چکی ہے۔ عمران خان واحد لیڈر ہیںجن کی عالمی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے۔ عمران خان جیسا شفاف اور ایماندار لیڈر ملنا کسی نعمت سے کم نہیں ۔ عمران خان غریب عوام کا درد رکھنے والے لیڈر ہیں۔ ماضی کی حکومت سے زیادہ اچھا کام کر رہے ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت کے ابتدائی 15 ماہ اور ان کے 5 برس کی حکومت سے بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر علاقے میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور پہلی مرتبہ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ غریب اور محرومی کا شکار طبقات کی خدمت کا عزم کر رکھا ہے۔ عثمان بزدار سے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے ملاقات کی۔ جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کی شدید مذمت کی گئی اور 5 فروری کو پاکستان بھر میں بھرپور انداز سے یوم یکجہتی کشمیر منانے پر عوام سے تشکر کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے دلوں میں جذبہ حریت کو دبا سکے ہیں نہ دبا سکیں گے۔ افسوس کا مقام ہے کہ بھارتی فوج کے لاک ڈائون کو 188 روز گزر چکے لیکن عالمی برادری مسلسل خاموش ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بڑے انسانی المیے سے بچنے کیلئے بین الاقوامی کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ عثمان بزدار نے معروف اداکارہ نگہت بٹ ، معروف مصنفہ محترمہ نثار عزیز بٹ کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ سردار عثمان بزدار نے سیالکوٹ میں نرس کے جاںبحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔

مزیدخبریں