اسلام آباد ( خصوصی رپورٹرر)سپریم کورٹ میں اہم مقدمات کی سماعت کیلئے معمول کے 6بینچ اور ایک 5رکنی لارجربینچ تشکیل دیا گیا ہے ۔ آئندہ ہفتے ریلوے خسارہ کے خلاف از خود نوٹس، ورکرویلفیئر فنڈز کے غلط استعمال، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی اپیل، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی نااہلی کیلئے دائر مقدمات سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت ہوگی ۔ معمول کے 6بینچوں میں سے پانچ بینچ اسلام آباد جبکہ ایک بینچ لاہوررجسٹری میں مقدمات سنے گا، عدالت عظمی کی طرف سے جاری کاز لسٹ کے مطابق بینچ نمبر ایک چیف جسٹس گلزار احمد ، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہے ، بینچ نمبر 2جسٹس مشیر عالم ، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل ہے ، بینچ نمبر تین میں جسٹس عمر عطابندیال ، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔ بینچ نمبر 4جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس سردار طارق مسعود پر مشتمل ہے جبکہ جسٹس مقبول باقر، جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس قاضی محمد امین احمد بینچ نمبر پانچ کے ممبران ہیں۔ اسلام آباد میں سوموار کو دن ایک بجے پانچ رکنی لارجر بینچ بھی مقدمات سنے گا یہ بینچ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر ، جسٹس فیصل عرب، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہے ۔ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کیلئے تشکیل واحد بینچ جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس محمد امین خان پر مشتمل ہے ، یاد رہے کہ آئندہ جمعہ کو بینچوں کی تشکیل تبدیل ہوجائے گی۔