لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر ملک ذوالفقار نے پی سی بی حکام کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ملک ذوالفقار ان دنوں ملک بھر کے کرکٹ ایڈمنسٹریٹرز کو بورڈ کے اقدامات کے خلاف متحرک کرنے میں مصروف ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے سترہ اپریل دو ہزار انیس کے گورننگ بورڈ اجلاس میں ہونے والی نعمان بٹ کی بغاوت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک اور بغاوت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ملک ذوالفقار موجودہ کرکٹ بورڈ کے اقدامات کیخلاف سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور کرکٹ ایڈمنسٹریٹرز کو متحرک کرنے میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں گیارہ فروری کو سیالکوٹ کے تاج ہوٹل میں ایک ہنگامی میٹنگ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ میٹنگ میں نمایاں ٹیسٹ کرکٹرز اور ملک بھر سے کرکٹ آرگنائزرز کو مدعو کیا گیا ہے۔ جن سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور منتظمین کو میٹنگ میں دعوت دی گئی ہے ان میں سابق کپتان جاوید میانداد، محسن حسن خان، عامر سہیل، سلیم ملک اور راشد لطیف شامل ہیں۔ کرکٹ آرگنائزرز میں اعجاز فاروقی، مراد اسماعیل، خدا بخش، امان اللہ، شاہ دوست، تنویر نغل، آفاق رحیم، عمران ملک، عامر نواب، زاہد سعید، فیاض علی شاہ، حسین علی، تیمور آفریدی، نورالحق بلوچ، گل زادہ، اجمل صابر، آصف فریدی، میجر ریٹائرڈ ندیم سڈل، مسعود انوار، میر سلیمان، خواجہ ندیم، چودھری انور، طارق فرید، فیصل ملک، جلال اکبر اور میاں اسلم شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں ذوالفقار ملک موجودہ مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ چیئرمین احسان مانی سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔ وہ بورڈ کے اقدامات پر بھی تنقید کرتے رہتے ہیں۔ اب انہوں نے مزاحمتی مہم کو نئے مرحلے میں داخل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر سے سابق کرکٹرز اور کرکٹ ایڈمنسٹریٹرز کو ساتھ ملانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن افراد کو مدعو کیا گیا ہے ان میں سے کئی افراد نے میٹنگ میں شرکت کی تصدیق نہیں جبکہ بعض تصدیق کر چکے ہیں۔
ملک ذوالفقار نے پی سی بی حکام کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا
Feb 09, 2020