راولپنڈی ٹیسٹ: شان مسعود، بابر اعظم کی سنچریاں، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 342 رنز

لاہور+اسلام آباد (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر ) پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں شان مسعود اور بابراعظم کی شان دار سنچریوں کی بدولت 3 وکٹوں پر 342 رنز بنا کر 109 رنز کی برتری حاصل کرلی۔راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے مہمان ٹیم کے 233 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر عابد علی کھاتہ کھولے بغیر ایوجاید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد شان مسعود کا ساتھ دینے کے لیے کپتان اظہر علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز میں سکور کو آگے بڑھایا۔تاہم 93 رنز کے مجموعی سکور پر کپتان اظہر علی 59 گیندوں پر 34 رنز بنانے کے بعد ابوجاید کی گیند کا ہی شکار بنے۔قومی ٹیم کے سٹار بلے باز بابر اعظم نے کپتان کے آوٹ ہونے کے بعد کریز سنبھالی اور شان مسعود کے ساتھ اچھی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں۔اوپنر شان مسعود نے 160 گیندوں پر 100 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے، شان مسعود آوٹ ہونے والے پاکستان کے تیسرے اور آخری بلے باز تھے جن کے بعد اسد شفیق اور بابراعظم نے دوسرے روز کے اختتام تک پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے سکو ر کو آگے بڑھایا۔بابراعظم اور اسد شفیق نے شان دار سنچری شراکت کے دوران بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے سکور 233 رنز کو بھی عبور کرلیا جبکہ اسد شفیق نے اپنی نصف سنچری بنائی۔راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں پر 342 رنز بنائے تھے اور مہمان ٹیم پر 109 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی جبکہ مزید 7 وکٹیں باقی ہیں۔بابر اعظم اور مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے بالترتیب 143 اور 60 رنز بنائے ہیں اور دونوں کے درمیان 137 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے ابو جاید نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 233 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں جبکہ حارث سہیل اور محمد عباس نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن