خود بھارتی بھی ہو گئے مودی کے مخالف

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کا ناجائز قبضہ کو ایک سونوے دن گزر چکے ہیں۔ گذشتہ چھ ماہ میں بھارتی فوج نے پینسٹھ (65) کشمیریوں کو شہید کیا ہے اور ہزاروں کشمیریوں کی زخمی کیا ہے۔ اور بہت سی کشمیری خواتین کی عصمت دری کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا کے ممالک پر بھارتی جارحیت کو بے نقاب کیا ہے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بہت سی ممالک کے دورے کئے اور بھارتی درندگی کو بے نقاب کیا۔ بھارتی وزیراعظم مودی کے مسلم دشمن اقدامات کے نتیجے میں اب تک 94 ہزار سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔ جبکہ سات ہزار کشمیری فوجی حراست میں مارے گئے ہیں۔ اب تک بائیس ہزار کشمیری خواتین بیوہ ہو چکی ہیں اور ایک لاکھ سے زیادہ بچے یتیم ہو چکے ہیں۔ بھارتی فوجیوں نے دس ہزار سے زیادہ عفت مآب خواتین سے زیادتی کی ہے۔ جس کی تصدیق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے اپنی ایک رپورٹ میں کی ہے۔نریندر مودی نے کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں غیر کشمیریوں کو بھی مقبوضہ کشمیر میں جائیدادوں کی خریداری کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس حکم کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ بھارت کے ہندو مقبوضہ کشمیر میں اراضی خرید سکیں گے۔ اور اس طرح بھارتی وزیراعظم مودی کا منصوبہ کامیاب ہو گا، جس نے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے ارضی حقوق ختم ہو جائینگے اور مقبوضہ کشمیر میں غیر مسلم آبادی کا تناسب بڑھنا شروع ہو جائیگا۔ اب وزیراعظم مودی نے اعلان کیا ہے کہ وہ پہلے آزاد کشمیر پر بھارتی افواج کو حملہ آور ہونے کیلئے حکم دیگا اور اسکے بعد پاکستان پر حملے کے احکامات صادر کریگا۔ اسکے ردعمل کے طورپر پاکستان میں بھارتی وزیراعظم مودی کے پتلے جلائے گئے اور آزادکشمیر کے کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئی۔ بھارتی علاقوں سرینگر‘ پلوامہ‘ شوپیاں اور بہت سے مقامات پر بھارتی وزیراعظم کیخلاف مظاہرے منعقد ہوئے اور آر ایس ایس کا فلسفہ بے نقاب کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کیخلاف جنگ شروع کی تو نریندر مودی کو شاید اس حقیقت کی خبر نہیں کہ یہ جنگ پاکستان دہلی اور کلکتہ میں جا کر ختم کرے گا۔ یہاں اس حقیقت کو آشکار کرنا ضروری ہے کہ تمام مغربی ممالک بھارت سے تجارتی رابطوں میں جکڑے ہوئے ہیں۔ اس لئے مغربی ممالک کی حکومتیں بھارت کے خلاف بولنے اور مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے بھارتی افواج کے مظالم پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ تمام مغربی ممالک کو اپنے تجارتی روابط کی فکر ہے‘ لیکن مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے بھارتی افواج کے مظالم سے کہ آنکھیں چرائے ہوئے ہیں۔ اب آتے ہیں پاکستانی قوم اور رہنمائوں کی طرف۔ آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی جنگ پوری دنیا میں پھیل چکی ہے۔ حق خودارادیت کی جدوجہد بین الاقوامی تحریک بن چکی ہے جس کے نتیجے میں کشمیر میں بھارتی ظلم کا ہر ہتھکنڈا ناکام ہوگا۔ انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ متحرک ہو اور مقبوضہ کشمیرمیں قید کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوائے۔ بی بی سی نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی فوج کی کارروائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں نفسیاتی امراض 190گنا بڑھ گئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں سالانہ ایک لاکھ نفسیاتی مریض ہسپتالوں میں داخل ہو رہے ہیں کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمان ڈیرپشن کا شکار ہو رہے ہیں جو بھارتی افواج کی مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے ہو رہا ہے۔
اب آتے ہیں پاکستان کی طرف۔ 5فروری کو پورے پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ زندہ دلان لاہور نے پورے ملک کی طرح بھرپور جوش و جذبے سے اظہار یکجہتی کیا۔ بزرگ، نوجوان، بچے اور خواتین سڑکوں پر امڈ آئے۔ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے پورے لاہور کی آبادیاں گونج اٹھیں۔ اس دوران نریندر مودی کے پتلے بھی نذرآتش کئے گئے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھائیں گے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے۔ اسی دوران بھارتی وزیراعظم مودی نے اعلان کیا کہ وہ پہلے آزاد کشمیر پر حملہ آور ہوں گے۔ اس بھارتی بیان پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ مودی سن لو غلط فہمی میں نہ رہنا، پاکستان پر حملہ تمہاری آخری غلطی ہوگی۔ بھارتی وزیراعظم کے تکبر نے آزادی کشمیر کی راہ ہموار کی۔ اب اسکے پاس کھیلنے کو کوئی پتا نہیں۔ پیش گوئی کر رہاہوں کہ مقبوضہ کشمیر آزاد ہو جائے گا۔ پاکستان کے کمانڈر انچیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی فوج بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ بھارتی فوج کا ظلم و ستم مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کو حق خودارادیت سے نہیں روک سکتا۔ بھارتی لوک سبھا میں بھی حزب مخالف نے اعلان کیا کہ یہ مودی کی نئی منطق ہے کہ پاکستان بھارتی مسلمانوں کو بھڑکا رہا ہے۔
خود بھارتی بھی ہوگئے مودی کے مخالف
اعلان کئے جا رہے ہیں لوک سبھا میں

ای پیپر دی نیشن