لاہور(نیوزرپورٹر+ لیڈی رپورٹر)معروف مصنفہ ،ادیبہ محترمہ نثار عزیز بٹ کی ختم قل گزشتہ روز ان کی آبائی رہائش گاہ میسن روڈ پر ادا کی گئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،شرکاء میں ان کے بھائی سابق وزیر خارجہ سرتاج عزیز،جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی ،سابق سینیٹرو وفاقی وزیر انور سیف اللہ ،بیرسٹر اویس عزیز ،ڈاکٹراحمرعزیز بٹ،اشعر عزیز،بریگیڈ ئیر(ر) کمال عزیز ،سہیل فضل ،کرنل(ر) جاوید،ڈاکٹر جمشید ترمذی،ڈاکٹر قمبربخاری،کرنل(ر) اسلم، بریگیڈ ئیر(ر) اشفاق، پروفیسر ندیم حیات خان،ڈاکٹر شاہد امین، کرنل (ر)تصور علی رانا،کرنل (ر)احمد ندیم قادری،میاں صفی اللہ ،مولانا شیخ مظہر شفیع،وارث خان،ندیم بسرا ،شفیق سلطان،قیصر ندیم،عماد صدیقی ،شعیب اسلم، احسن صدیق سمیت دیگر افراد کی کثیر تعدادموجود تھی ،اس موقع پر مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی بھی کی گئی ،دعائے مغفرت حافظ محمد عمران نے کروائی سابق سینیٹرو وفاقی وزیر انور سیف اللہ نے معروف ادیبہ نثار عزیز بٹ مرحومہ کی خدمات کا اعتراف کرتے کہا کہ ان جیسی خواتین اس ملک میں بہت کم پیدا ہوئیں ہیں وہ انتہائی تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ادب میں کمال خدمات کی حامل خاتون تھیں۔وہ سرتاج عزیز کی بڑی بہن تھیں انہوں نے نہ صرف سرتاج عزیز کی والدہ بن کر پرورش کی بلکہ اعلی تربیت بھی کی۔ ان کا خلاء مدتوں پر نہیں ہوسکتا ،اللہ ان کے درجات بلند کرے ان کوجنت میں اعلی مقام دے ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ محترمہ نثار عزیز بٹ کے ختم قل اور قرآن خوانی میںرشتہ دار خواتین کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔ قل خوانی میں نوائے وقت گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر رمیزہ نظامی، وزیراعظم عمران خان کی بہن عظمیٰ خان،مرحومہ کی بہو ثنا احمر، بھتیجی پونم سرتاج عزیز، ادیب اصغر ندیم سید کی اہلیہ پروفیسرشیبا سید و دیگرنے شرکت کی۔ اس موقع پر مسز شازیہ امین نے دعا کروائی ۔ختم قل میں تمام خواتین محترمہ نثار عزیز بٹ کے علمی مقام و مرتبے ، ادب کی دنیا میںلازوال خدمات اور خاندان کی سطح پر ایک انتہائی شفیق کردار کے حوالے سے انہیں بہترین الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتی رہیں۔ وزیر اعظم کی بہن عظمیٰ خان نے کہا کہ محترمہ نثار عزیز بٹ انتہائی نفیس خاتون تھیں، پاکستان سے محبت انکے اندر کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی انکے بیٹے اشعر عزیز بٹ نمل یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز میں شامل ہیں انکی شخصیت میں انکی والدہ محترمہ کے اعلی و ارفع کردار اور شاندار تربیت کو صاف محسوس کیا جاسکتا ہے ، ایسی مائیں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں اور سچ تو یہ ہے ہمیں آج ایسی ماؤں کی ا شد ضرورت ہے۔ بہو ثنا احمر نے کہا کہ محترمہ نثار عزیز دانشور خاتون تھیں ، انکی رحلت سے ہمارا دل بہت اداس ہے ، گھر میں انکی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔ بھتیجی پونم سرتاج عزیز نے کہا کہ میری پھو پھو بہت زیادہ باشعور ، مسائل کو گہرائی سے سمجھنے والی تھیں ، میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا، انہوں نے مجھے زندگی کے اسرارورموز ایسے دلنشین انداز میں بتائے کہ کوئی ماں ہی اس طرح سے کرسکتی ہے جہاں تک انکے ادبی حوالے کی بات ہے تو ان کی شخصیت اور خدمات پر ہمیںبہت فخر ہے ۔
مصنفہ، ادیبہ محترمہ نثار عزیز بٹ کاختم قل، سرتاج عزیز، انور سیف اللہ سمیت دیگر کی شرکت
Feb 09, 2020