کراچی(اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور سندھ کے روایتی ہنروں کی ترویج کے فلاحی ادارے کے باہمی اشتراک سے آرٹس کونسل کراچی میں دو روزہ ہنر مند کرافٹ میلے کا انعقاد۔ میلے میں سندھ سمیت تمام صوبوں کی ثقافت کی عکاسی کرتی دستکاریوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا جن میں سندھی اجرک، ٹوپی، رلی، قدرتی رنگوں کی رنگائی ، بلاک پرنٹس، لکڑی کا کم جنڈی، سوسی، چوڑیاں،کھادی ،بنارسی ملبوسات سمیت مختلف دستکاریاں شامل ہیں،ہنر مند میلے میں اندرون سندھ کے ہنر مندوں نے اپنے فن کا زبردست اظہار کرتے ہوئے مختلف اشیاء کی تیار کیں،ہالہ ٹائلز،، کاشی کا کام اور نایاب پتھروں سے بنی ہوئی دستکاریاں شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی، ہنر مند کرافٹ میلے کا مقصد سندھ کے دور دراز کے علاقوں سے آنے والے ہنر مندوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، کرافٹ میلے میں مختلف لوک رقص بھی پیش کیے گئے،ڈھول کی تھاپ اور شہنائیوں کی مدھر دھنوں پر فنکاروں نے زبردست رقص کا مظاہرہ کیا، ہنر مندوں کے ہنر کو سراہنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد نے میلے میں شرکت کی، ہنر مند کرافٹ میلہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں 9فروری اتوار تک جاری رہے گا۔