سعودی وزارت ٹرانسپورٹ کا ہائپر لوپ ٹیکنالوجی کی کمپنی کے ساتھ معاہدہ

Feb 09, 2020 | 13:12

ویب ڈیسک

سعودی عرب میں وزارت نقل و حمل نے "وَرجِن ہائپر لوپ وَن" کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کے مقاصد میں مملکت میں مسافروں اور سامان کی منتقلی اور ترسیل کے میدان میں ہائپر لوپ ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے ابتدائی مطالعہ کرنا، ہائپر لوپ کی سائنس اور ٹکنالوجی میں مشترکہ تحقیق کرنا اور نقل و حمل کے شعبے میں ذمے داران اور ماہرین کے متبادل دوروں کا انتظام کرنا ہے۔ یہ سمجھوتا سعودی وزارت نقل و حمل کے اہداف کا حصہ ہے۔ یہ اہداف جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کے حوالے سے مستقبل کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں ہیں۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی  مطابق مملکت کے وزیر ٹرانسپورٹ انجینئر صالح بن ناصر الجاسر نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام سعودی ولی عہد کے اُس موقف کو باور کراتا ہے جو انہوں نے ویژن 2030 پروگرام کے ضمن میں معیشت کے مستقبل کی تشکیل میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کے کردار کی اہمیت کے حوالے سے ظاہر کیا تھا۔

الجاسر کے مطابق یہ منصوبہ مستقبل کی ٹرانسپورٹ ٹکنالوجی کو مضبوط بنانے کے لیے مطلوب انفرا اسٹرکچر کی فراہمی میں کام آئے گا۔ اس طرح ہائپر لُوپ ٹکنالوجی کے ذریعے مسافروں اور سامان کی منتقلی اور آمد و رفت کو مزید آسان بنایا جا سکے گا۔

دوسری جانب "وَرجِن ہائپر لوپ وَن" کے مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین سلطان احمد بن سلیم نے باور کرایا کہ اُن کی کمپنی جدید ترین ٹکنالوجی کے ذریعے مملکت میں وزارت ٹرانسپورٹ کے ساتھ مل کر ،،، مستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی شدید خواہش رکھتی ہے۔

مزیدخبریں