سربراہ جمعیت علما ئے اسلام ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 23فروری کو کراچی اور یکم مارچ کو اسلام آباد میں مارچ ہوگا، بڑی جماعتوں کی بعض پالیسیوں سے اپوزیشن منقسم ہوگی،ہم اپنے موقف پر آج بھی قائم ہیں، تحریک تحریک ہوتی ہے موقف کو بدلا نہیں جا سکتا۔اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ناکام حکومت کی وجہ سے ملک معاشی بحران کا شکار ہے، لاہور میں آج مشاورتی اجلاس ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اور منتخب حکومت کے قیام کےلئے مشاورت ہوگی، 23فروری کو کراچی اور یکم مارچ کو اسلام آباد میں مارچ ہوگا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بڑی جماعتوں کی بعض پالیسیوں سے اپوزیشن منقسم ہوگی، اپوزیشن منقسم ہوتو حکومت فائدہ اٹھاتی ہے، مہنگائی نے عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ خودکشیوں اور بچے بیچنے پر مجبور ہیں، ہم اپنے موقف پر آج بھی قائم ہیں، ہم عوام کے شانہ بشانہ ہیں جبکہ لائق حکومت کےلئے ہماری جدوجہد جاری ہے، حکومت تو گھر جا چکی ہے اب خلا ہے جو پر کرنا ہے۔ مولانافضل الرحمان نے کہا کہ کوئی بیمار اور علاج کےلئے باہر جانا چاہے تو سیاسی رنگ نہیں دوںگا، تحریک تحریک ہوتی ہے موقف کو بدلا نہیں جا سکتا۔(اس)