آزاد کشمیر پاکستان کیلئے ترقی کا انجن بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، سردار مسعود خان

Feb 09, 2021

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) آزاد جموں و کشمیر کے صدرسردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی معیشت کے ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں لہذا پاکستان کے سرمایہ کار ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کریں جس سے ان کو منافع بخش نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی 5 ارب  ڈالر کی معیشت 10 سال کے اندر بڑھ کر 20سے 30ارب ڈالر تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی کتنی وسیع گنجائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بے شمار قدرتی وسائل کی وجہ سے آزاد کشمیر پاکستان کیلئے ترقی کا انجن بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میرپور، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ،  بھاولپور اور کراچی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان نے بھی زوم میٹنگ کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سی پیک کے تحت 3 ہائیڈرو پاور پروجیکٹس جن میں 720 میگاواٹ کیروٹ، 1120 میگاواٹ کوہالہ، 600 میگاواٹ آزاد پتن اور میرپور میں ایک اسپیشل اکنامک زون زیر تعمیر ہیں جن کی تکمیل سے خطے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے پاس دنیا کے بہترین قیمتی پتھر موجود ہیں جبکہ صنعت، زراعت، ہاسپی ٹیلیٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔

مزیدخبریں