جمہوریت کے نام پر مسلط جاگیرداروں‘ سرمایہ کاروں نے سٹیٹس کو مضبوط‘ قوم سے مذاق کیا: سراج الحق 

Feb 09, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جمہوریت کے نام پر قوم پر مسلط جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ کاروں نے سٹیٹس کو، کو مضبوط اور قوم کے ساتھ مذاق کیا۔ معاشی بدحالی اور طبقاتی نظام تعلیم اسی نظام کے تحفے ہیں۔ حکمران طبقہ نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ڈکٹیشن قبول کی اور قرضوں کا پہاڑ قوم کے سر پر لاد دیا۔ اشرافیہ نے قوم کو نسلوں اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کیا۔ عدالتوں میں انصاف نہیں ملتا۔ ملک میں قانون کی بالادستی کا تصور دیوانے کا خواب بن گیا۔ پاکستان کا معاشی اور نظریاتی تشخص برباد ہو رہا ہے۔ مساجد و مدارس کے تقدس پر حملے ہورہے ہیں۔ مدارس کے طلبا، علما، نوجوان سیاسی، اخلاقی اور مالی کرپشن کے خلاف جہاد کریں۔ مسجد و منبر کو اس جہاد میں مورچہ کی طرح استعمال کریں۔ ملک کے مسائل کا حل اسلامی انقلاب ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی نظریاتی اساس کے تحفظ کے لئے میدان عمل میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ حقانیہ سنگوٹہ مینگورہ سوات میں ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مزیدخبریں