صدر کا دورہ پشاور‘ گورنر کی ملاقات‘ پناہ گاہ میں مزدوروں کے ساتھ کھانا کھایا

اسلام آباد + پشاور (سپیشل رپورٹ + اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پشاور کے دورہ پر گورنر ہاؤس پہنچے جہاں گورنر خیبر پی کے شاہ فرمان نے انکا استقبال کیا۔ بعد ازاں صدر مملکت سے گورنر نے ون آن ون ملاقات کی۔ ملاقات میں ضم قبائلی اضلاع میں امن و امان، ترقیاتی امور، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سمیت صوبہ کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر کو گورنر نے پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں میں انتظامی و تعلیمی امور میں اصلاحات سے متعلق بھی آگاہ کیا جبکہ صوبہ میں معیاری زیتون اور بیری شہد کی وسیع رقبہ پر پیداواری استعداد کو استعمال میں لانے سے متعلق منصوبہ پر بھی گفتگو کی گئی۔ دریں اثنائصدر نے کہا کہ معذور افراد کی بحالی اور متعدی امراض سے بچائو کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے۔ خصوصی افراد کیلئے معاون ٹیکنالوجی علاقائی اور ریاستی سطح پر مقبول ہو رہی ہے۔  پشاور کے گورنر ہائوس میں خصوصی افراد کی بہبود سے متعلق اجلاس کی صدارت کے دوران صدر نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان خصوصی افراد کیلئے دو ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کا اعلان کر چکے ہیں۔ گذشتہ سال خصوصی افراد کے حقوق کا جو قانون منظور ہوا ہے، اس سے ان افراد کو قومی ترقی میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔ خصوصی افراد کے بارے میں ڈیٹا مکمل ہونے کے بعد انھیں آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے۔ پوسٹ گریجویشن کیلئے خصوصی افراد کو فیسوں میں معافی دی جائیگی۔ صدر مملکت عارف علوی نے پشاور میں پناہ گاہ کا دورہ کیا اور پناہ گاہوں میں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ مزدوروں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔ صدر نے کہا کہ حکومت نظام میں بہتری لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن