اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کر معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں اہم اجلاس، اجلاس کی کاروائی کی فوٹیج اور تصاویر کا جائزہ لینے کے بعد تین ممبران کو اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ 21کے تحت لیٹر جاری کرنے کا فیصلہ ،پی پی پی پی کے سید نوید قمر، مسلم لیگ(ن) کے چوھدری حامد حمید اور پی ٹی آئی کے عطااللہ خان کو لیٹر جاری کیے جائیں گے۔پیر کواسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران 4فروری 2021کو پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی تحقیقات کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، سیکرٹری قومی اسمبلی ، قانونی اور آئینی امور سے متعلق اسپیکر کے مشیر اور سیکرٹریٹ کے دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس کے آغاز پر اسپیکر نے کہا کہ گزشتہ جمعرات کو پیش آنے والا واقعہ انتہائی قابل مزمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے کسٹوڈین کی حیثیت سے وہ ایوان میں آرڈر برقرار رکھنے کے لیے اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق ایوان کی کارروائی کو احسن انداز میں چلانے کے لئے مناسب کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اقتدار یا حزب اختلاف کے بنچوں سے وابستہ تمام ممبران قومی اسمبلی کے قواعد کو ماننے اور ایوان کے وقار کے تقدس کو برقرار رکھنے کے پابند ہیں۔ اسپیکر نے اسمبلی کی کارروائی اور شواہد کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد بلا تعصب اور دبا کے ہر قیمت پر ایوان کا تقدس برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ قومی اسمبلی 2007میں کاروائی و طریق کار کے ضابطہ کے قاعدہ 21کے تحت ممبران قومی اسمبلی سید نوید قمر(پی پی پی پی)، چوہدری حامد حمید(مسلم لیگ ن)اور عطا اللہ خان(پی ٹی آئی)کو اسمبلی قواعد کے ضابطہ 21کے تحت جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی ہنگامہ،3ممبران کوضوابط کے قاعدہ21کے تحت لیٹر جاری کرنے کا فیصلہ
Feb 09, 2021