18ویں ترمیم اور این ایف سی میں تبدیلی ناگزیر ہے، فرخ حبیب

Feb 09, 2021

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) ریلوے کے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم اور این ایف سی میں تبدیلی ناگزیر ہے۔این آر او نہ ملنے پر اپوزیشن دن بدن مایوسی کا شکار ہے۔پی ڈی ایم کا مستقبل تاریک ہے، تحریک انصاف سیاسی نظام میں بہتری کیلئے کوشاں ہے اور سینٹ انتخابات میں شو آف ہینڈ سے سیاسی عمل کی بہت سی پیچیدگیوں خصوصا ہارس ٹریڈنگ اور دیگر منفی رجحانات کی حوصلہ شکنی ہوگی۔عمران خان سینٹ انتخابات میں شفافیت چاہتے ہیں مگر اپوزیشن والے مخالفت کر رہے ہیں۔اپوزیشن ہارس ٹریڈنگ چاہتی ہے وہ دور گزر چکا ہے اب من مانیاں نہیں چلیں گی کیونکہ اب چور دروازے بند ہو چکے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی والے کرپشن کے بغیر الیکشن نہیں جیت سکتے۔عمران خان سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے شفاف بنانا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن والے مخالفت کررہے ہیں۔میاں محمدنواز شریف علاج کے بہانے لندن میں چھپے بیٹھے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور بعض دیگر سیاسی جماعتوں کا مخالفت برائے مخالفت کا رویہ جمہوری اورسیاسی طرز عمل کے منافی ہے۔ایسا کرکے وہ ملک اور جمہوریت کی کوئی خدمت نہیں کررہے بلکہ ایک گلے سڑے نظام کے تسلسل کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں۔

مزیدخبریں