اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان بار کونسل نے الیکشن ترمیمی آرڈیننس 2021 کو بدنیتی پر مبنی قرار دے دیا۔ پاکستان بار کونسل نے حکومت سے آرڈیننس فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کے آرڈیننس کی مذمت کرتے ہیں۔ بار کونسل نے کہا ہے کہ حکومت نے سینٹ انتخابات پر رائے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے لیکن عدالت کے فیصلے کا انتظار کئے بغیر جلد بازی میں آرڈیننس پاس کیا۔ حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے تمام قانونی ضوابط اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیر دیں۔ حکومت نے آنے والے سینٹ الیکشنز میں ہیر پھیر کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان بار کونسل نے صدارتی ریفرنس کو آئین کے آرٹیکل 226 کے ساتھ متصادم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرڈیننس سپریم کورٹ پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔
اوپن بیلٹ آرڈیننس بدنیتی‘ حکومت نے اخلاقیات و قانونی ضوابط کی دھجیاں بکھیر دیں: پاکستان بار
Feb 09, 2021