صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ملک کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سہولت دینے کیلئے ایران اور افغانستان کی سرحدوں کے ساتھ منڈیاں قائم کر رہا ہے۔ آج پشاور میں سرحد ایوان صنعت و تجارت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں تاجروں کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ صدر نے کہا کہ حکومت ملک بھر کے تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے اس کے ساتھ معمول کی ملاقات کر رہی ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ حکومت تاجر برادری کی سہولت کیلئے ٹیکس کے نظام میں متعدد اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے کورونا وائرس کی مشکل گھڑی کے دوران تاجر برادری کو گیارہ سو ارب روپے چھوٹ دی ہے۔ صدر نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں امن کے خیبر پختونخوا خصوصاً قبائلی اضلاع میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے افغانستان اور وسطی ایشیائی ملکوں کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کےلئے مناسب طریقہ کار کی ضرورت پر زور دیا۔
ایس ایم ایزکی سہولت کیلئےایران،افغانستان کی سرحد کیساتھ منڈیاں قائم کررہے ہیں .صدر ڈاکٹر عارف علوی
Feb 09, 2021 | 16:15