چینی سائنوفارم ویکسین عمررسیدہ افراد میں موثرہے اور مراکش 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کی آبادی کے لئے اس ویکسین کا استعمال جاری رکھے گا۔مراکش کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مراکش کی ویکسینیشن مہم کے دستیاب اعدادوشمار میں ویکسین کی خوراک لینے والے 60 اور اس سے زیادہ عمرکے افراد پر سائنوفارم ویکسین وصول کرنے والے دیگر افرادکے مقابلے میں کوئی منفی اثر نہیں دیکھا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک اس عمر کے گروپ میں صرف 8 افراد نے سائنو فارم کی خوراک لینے کے بعد معمولی منفی اثرات کی اطلاع دی ہے،جوہر 10ہزار میں سے 2.2 کیسز کے برابرہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سائنو فارم ویکسین کے تیسرے مرحلے کے طبی تجربات جزوی طور پر مراکش میں کروائے گئے جن میں 60 اور اس سے زیادہ عمرکے افراد شامل تھے اور اس آبادی میں برداشت کرنے کی اچھی استعداد کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تیسرے مرحلے کے طبی تجربات نے مجموعی طور پر 86 فیصد افادیت اور اچھے تحفظ کا مظاہرہ کیا۔مراکش نے چین کی سائنوفارم،برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی اور آسٹرازینیکا سے نوول کرونا وائرس ویکسین کی 6کروڑ60 لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کے بعد ملک بھر میں 29 جنوری کو 3ہزار مقامات پر ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا تھا۔