معروف مصور اور خطاط صادقین کی 34ویں برسی کل منائی جائی گی

Feb 09, 2021 | 18:37

ویب ڈیسک

معروف مصور اور خطاط صادقین کی 34ویں برسی کل منائی جائی گی۔ صادقین نے نہ صرف برصغیر بلکہ پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پاکستان کے شہرہ آفاق مصور، خطاط اور نقاش صادقین نقوی 1930ء میں ہندوستان کے شہر امروہہ میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کے بعد آگرہ یونیورسٹی سے بی اے کیا اور تقسیم ہند کے بعد کراچی منتقل ہوگئے۔ پاکستان میں ان کی پہلی تصویری نمائش 1954ء  میں ہوئی، دیکھتے ہی دیکھتے یہ سلسلہ دنیا بھر میں پھیل گیا ان کو کلام غالب کو تصویر غالب میں ڈھالنے کا اعزازبھی حاصل ہے، مارچ 1970ء میں آپ کو تمغہ امتیاز اور 1985ء میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ جب صادقین بھارت گئے تو حکومت کی جانب سے انہیں آبائی شہر امروہہ لے جایا گیا اور اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی نے انہیں گھر کی چابیاں بطور تحفہ پیش کیں تاہم انہوں نے چابیاں یہ کہہ کر واپس کردیں کہ پاکستان ہی میرا اصل گھر ہے۔ وہ فن پاروں میں میورلز کو اہمیت دیتے تھے اور انہوں نے اپنا پہلا میورل کراچی ائر پورٹ پر بنایا جبکہ آپ کی خطاطی، مصوری کے نمونے فیصل مسجد اسلام آباد، فرئر ہال کراچی، نیشنل میوزیم، صادقین آرٹ گیلری اور دنیا کے ممتاز عجائب گھروں میں موجود ہیں وہ 10فروری 1987ء کو دنیا فانی سے کوچ کرگئے۔

مزیدخبریں