پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کاروباری و معاشی مسائل کا بہترین حل ہے: ناصر حیات مگوں

لاہور(کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی )کے صدر ناصر حیات مگوں نے کہا ہے کہ  پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کاروباری و معاشی مسائل کا بہترین حل ہے، صنعت و تجارت سے متعلقہ پالیسیاں تاجر برادری کی مشاورت سے تشکیل دی جائیں، تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں مگر ضروری ہے کہ باہمی مشاورت سے ٹیکس وصولی کا بہترین نظام وضع کیا جائے۔انہوں نے اس امر کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح کے ساتھ اجلاس میں کیا ہے ۔
 اس موقع پرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر حیات مگوں اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے لاہور چیمبر میں اجلاس کے دوران تجویز دیتے ہوئے کہا کہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری آئندہ مالی سال کے لئے وفاقی بجٹ کے لیے مشترکہ تجاویز پیش کریں جس سے کاروبار دوست پالیسیاں تشکیل دینے میں آسانی ہوگی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ناصر حمید خان، نائب صدر طاہر منظور چودھری، ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم، سابق صدر میاں انجم نثار، لاہور چیمبر کے سابق صدر محمد علی میاں، عرفان اقبال شیخ اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ناصر حیات مگوں نے کہا کہ برآمدا ت میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، اس کے لیے ٹھوس حکمت عملی وضع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کے مسائل حل کیے اور خصوصی جگہ مختص کی جائے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ کروناکی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال نے معیشت کی شکل بھی بدل دی، سال 2019-20کے دوران جی ڈی پی گروتھ ریٹ منفی 0.4فیصد رہا جبکہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ کا گروتھ ریٹ منفی 7.8فیصد تک چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نئی اور ٹھوس حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا جو کاروبار انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنائے ہوئے ہیں ان کے لیے مسائل سے نمٹنا آسان ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن