غیر قانونی سوسائٹیاں بنانے اور بنوانے والے سزا کا سامنا کریں گے :صوبائی وزیر قانون و کوآپریٹوز راجہ بشارت

صوبائی وزیر قانون و کوآپریٹوز راجہ بشارت نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں غیر قانونی سوسائٹیاں بنانے اور بنوانے والے سزا کا سامنا کریں گے اور وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر غریب عوام کی جمع پونجی کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ وہ آج اپنی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نور الامین مینگل و دیگر افسران نے بریفننگ دی۔ کمیٹی نے صوبہ میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کے لائحہء عمل پر غور و خوض کیا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ بیس سال پرانی غیر قانونی سوسائٹیاں تا حال نہ ریگولرائزہوئیں اور نہ ہی کسی کے خلاف کارروائی ہوئی۔ لاکھوں لوگوں کی عمر بھر کی جمع پونجی ان سوسائٹیوں میں ڈوب چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مستقبل میں سوسائٹیوں کی لوٹ مارکا راستہ ہمیشہ کیلئے بند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی غیر قانونی سوسائٹیوں کی وجوہات اور نجی و سرکاری ذ مہ داروں کا تعین کرے گی۔ وزیر قانون نے آئندہ اجلاس میں پنجاب بھر کی غیر قانونی سوسائٹیوں کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔ قبل ازیں نور الامین مینگل نے تجویز دی کہ موثر کارروائی کے لیے غیر قانونی سوسائٹیوں کو قوانین پر پورا اترنے والی،نہ اترنے والی اوردیگر سوسائٹیوں کی کیٹیگری میں تقسیم کیا جائے اور پہلی کیٹیگری والی سوسائٹیوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے کی 596 غیر قانونی سوسائٹیوں میں سے 246 گرین ایریا میں بنی ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری قانون بہادر علی، سیکرٹری ہاؤسنگ ظفر نصراللہ،ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ، سپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سقراط امان، سی ای او اربن یونٹ عمر مسعود اور دیگرمتعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن