امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نےکہاہےکہ ملک میں قانون کی بالادستی کا تصور دیوانے کا خواب بن گیا ہے ،خیبرپختون خوا(کے پی کے) میں صوبائی وزیر قانون کی جانب سے سینیٹ الیکشن میں مبینہ بدعنوانی منظرعام پر آنے کے بعد تبدیلی سرکار کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے، کرپشن میں ملوث وزیر سے صرف استعفی لینے سے بات نہیں بنے گی،اب قوم عمران خان سے خود احتسابی اور تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے احتساب کا مطالبہ کرتی ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس بدعنوانی کی ذمہ داری عمران خان کو قبول کرنی ہوگی وہ ناکام ثابت ہوئے ہیں، ان کی ناک کے نیچے ان کے وزیر مشیر اور عہدیدار بدعنوانی میں ملوث ہیں، عمران خان کو قوم سے معافی مانگنی ہوگی، یوٹرن کے ماسٹر ریاست مدینہ کا خواب دکھانا چھوڑ دیں،عوام حکمرانوں کے مکروفریب کو جان چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر تماشہ جاری ہے،تحریک انصاف نے حکومتی معاملات کوآرڈیننس کےذریعےچلانےمیں ریکارڈ قائم کردیا، وزیراعظم اسمبلی میں جانے کو اپنی توہین سمجھتے ہیں،حکومت اور اپوزیشن اراکین ایک دوسرے کے خلاف کھلم کھلا گالی گلوچ کرتے ہیں، حکمرانوں نے ملک میں ریاست مدینہ کا خواب دکھا کر اسلامی شعائر کا مذاق اڑایا ،اخلاقیات کا جنازہ نکالا اور طوفان بدتمیزی برپا کیا ،جو قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔