لاہور (سپیشل رپورٹر) انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی چیئرمین محمد ناصر اقبال خان نے کہا کہ بھارتی مسلمان طالبہ نے عالمی ضمیر پر’’ حمیت ‘‘اور’’عفت ‘‘کی ’’اہمیت‘‘ واضح کردی۔باحجاب مسلمان بیٹی نے اپنے مقابل انتہاپسندہندئوں کے بے لگام ہجوم کی پروا ہ نہ کرتے ہوئے زندگی کی بجائے عزت کاانتخاب کیاجس پرمعبود برحق نے اسے سربلنداور سرفراز کردیا۔ کیااقوام متحدہ کے حکام اب بھی کبوترکی مانند آنکھیں بندرکھیں گے۔بھارت کی نڈر مسلم طالبہ دنیا بھر کی مسلمان بیٹیوں کیلئے مشعل راہ ہے۔بھارتی طالبہ کی طرح دنیا بھر سے باوفا،باصفا ،باحیاء اورباوقار مسلمان بیٹیاں یقینا آئندہ بھی اسلام کاعلم سربلند رکھیں گی۔اپنے ایک بیان میں محمدناصراقبال خان نے مزید کہا کہ اس مسلم طالبہ کی اس مزاحمت پردنیا کے ہرسچے مسلمان کورشک ہے۔بھارت کی غیور مسلمان بیٹی نے حجاب اتارنے سے آبرومندانہ اورجرأ تمندانہ انکارکرتے ہوئے ہندوتوا کوبے نقاب کردیا۔انہوں نے کہا کہ مسلمان بیٹی کانعرہ تکبیر عالم اسلام کیلئے سرمایہ افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اسلام اور حجاب کیخلاف پرتشدد سرگرمیاں ناقابل برداشت ہیں،مسلم حکمرانوں اورانسانی حقوق کے علمبرداروں کی مجرمانہ خاموشی ایک بڑاسوالیہ نشان ہے۔کیاعالمی ضمیر کوبیداراورکشمیر کوآزادکرنے کیلئے نہتے کشمیری آئندہ بھی جام شہادت نوش کرتے رہیں گے۔