جمہوری جدوجہد سے آزمائے لوگوں کو گھر بھیجنے کا وقت آ گیا: سراج الحق

Feb 09, 2022

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتی کشتی سیاسی بھنور میں پھنس چکی، اتحادی اپوزیشن سے مل رہے اور اپوزیشن حکومت کا ساتھ دے رہی ہے۔ حکمران طبقہ کی لڑائیاں مفادا ت کے تحفظ اور دودھ کے فیڈر کے لیے ہیں۔ عوام فاقوں مر رہے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں۔ قوم ظلم و ناانصافی پر مزید خاموش نہیں رہے گی۔ حکمران طبقہ بری طرح ایکسپوز ہو گیا، یہ سب ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے ریاست مدینہ کے تصور کے برعکس اقدامات اٹھائے۔ معیشت کو آئی ایم ایف اور معاشرہ کو مغربی این جی اوز کے حوالے کردیا۔ ایٹمی اسلامی پاکستان کے بائیس کروڑ عوام ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے غلام بنا دیے گئے۔ حکمرانوں نے اسلام کی بجائے امریکہ کا پرچم تھاما ہوا ہے۔ قومی سلامتی کے مشیر نے خود اعتراف کیا کہ ہم واشنگٹن کے غلام ہیں۔ جماعت اسلامی کا پیغام آفاقی ہے۔ ہم پوری انسانیت کی بھلائی چاہتے ہیں۔ اللہ کا دین اللہ کی زمین پر غالب آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت پاکستان کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ حکومت اور نام نہاد بڑی اپوزیشن جماعتیں ایف اے ٹی ایف، آئی ایم ایف اور امریکہ کی تابعداری میں اکٹھی ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے سونامی نے لوگوں کے گھر اجاڑ دیئے ہیں۔ انسانوں کی آزادی اور عزت کی بحالی کے لیے دین اسلام کی روشنی ہی واحد حل ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں نام نہاد جمہوری اور مارشل لاز کے ادوار عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوگئے ہیں۔ وقت آ گیا ہے پرامن جمہوری جدوجہد سے آزمائے ہوئے لوگوں کو گھر بھیجا جائے اور اہل اور ایماندار قیادت کو ملک و قوم کی خدمت کا موقع دیا جائے۔
سراج الحق

مزیدخبریں