کراچی (نیوز رپورٹر) ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی پر بادلوں کا راج ہے منگل کی صبح شہر کے مختلف علاقوں میں پہلے بوندا باندی پھر موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوش گوار ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں کہیں بادلوں کا راج اور کہیں سورج نکلا ہوا ہے جس کے باعث دھوپ چھائوں کا کھیل جاری ہے۔منگل کو کراچی کے مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی۔ڈیفنس،صدر، اولڈسٹی ایریا،لیاری،سائٹ ایریا، بلدیہ، اورنگی،صدر،ملیر،لیاقت آباد ، سہراب گوٹھ،نارتھ کراچی،بفرزون،سرجانی،نارتھ ناظم آباد گڈاپ،نارتھ کراچی، نیو کراچی، یو پی موڑ، ناگن چورنگی، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، شارعِ فیصل، پرانی سبزی منڈی، پی ای سی ایچ سوسائٹی، بہادر آباد، شہید ملت، گلشنِ اقبال سمیت مختلف علاقوں میں گھٹائیں خوب برسیں۔بارش کے بعد شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی اور سڑکوں پر پھسلن سے متعدد موٹرسائیکلوں کو حادثہ پیش آیاجس سے کئی افراد زخمی ہوئے۔بارش ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ، متاثرہ علاقوں میں نارتھ کراچی،سر سید ٹان ،بفرزون ،لیاقت آباد ، شاہ فیصل کالونی، جیکب لائنز، منگھو پیر، پاک کالونی ، ملیر،کورنگی،اورنگی ،لانڈھی اورسرجانی شامل ہیں۔چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق کمزور مغربی ہوائوں کی لہر ملک کے بالائی اور جنوب مشرقی بلوچستان اور سندھ سے گزر رہی ہے۔سردار سرفراز نے بتایا کہ9فروری کے بعد سے رات میں موسم سرد رہ سکتا ہے۔ اس دوران رات میں درجہ حرارت 12 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی بارش