کراچی(نیوز رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آنے والا وقت ہمارے نوجوانوں کا ہے ، کامیاب جوان پروگرام عمران خان کا یوتھ پر بھروسہ ہے ، اپنے جوانوں پر پاکستان کی حکومت کو مکمل بھروسہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں GSV 20فٹبالرز کو منتخب کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار، اداکارہ ماہرہ خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلوبل سوکر وینچر اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت بیس فٹبالر کی الیکشن کا پروگرام تشکیل دیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دنیا بھر میں اسٹارز کو پلیٹ فارم دیا جاتا ہے انہیں اہمیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت بیس نوجوان فٹبال کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی جائے گی اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت ہی ان بیس نوجوانوں کو یورپ بھی بھیجا جائے گا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی سندھ میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کی بات آئی گورنر سندھ نے رہنمائی کی ، ماہرہ خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کامیاب جوان پروگرام کی سفیر بنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کو سپورٹ کیا جائے اور جو بھی ادارے کامیاب جوان پروگرام میں کام کرنا چاہتے ہیں وہ آئیں ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں کہا کہ میرا نوجوانوں کو پیغام ہے کہ وہ مایوس نہ ہوں ، زندگی کے ہر میدان میں چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وعدہ کرتا ہوں اگلے چند ماہ میں دوبارہ ٹرائل ہوں گے فٹبال کے جو نوجوان رہ گئے وہ مایوس نہ ہوں۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے سندھ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا، بیس ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو اسکالر شپ دی ہے ۔ انہوں نے مذید کہا کہ کامیاب جوان کا بنیادی مقصد ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ ملک کا نام روشن ہو، پاکستان میں انٹرنیشنل اسپورٹس کمپنی کا آنا خوش آئند ہے۔ تقریب سے اداکارہ ماہرہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ بہترین کھلاڑیوں کا چننا مشکل ہو گیا تھا، فٹبالر عیسی خان پرائڈ آف پرفارمنس ہیں۔