لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب اور گورنر سندھ نے اپوزیشن کی منفی سیاست کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ استعفوں سے راہ فرار اختیار کرنے والی اپوزیشن کا عدم اعتماد کا شوشہ بھی ناکام رہے گا۔ بعض جماعتیں پہلے ہی اپوزیشن اتحاد کے خلاف عدم اعتماد کرکے راستے جدا کر چکی ہیں لہٰذا بکھری ہوئی پی ڈی ایم پہلے اپنے گھر کو دیکھے۔ عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھ رہا ہے لیکن اپوزیشن ملک کو ریورس گیئر لگانا چاہتی ہے۔ حکومت مضبوط ہے اور اپوزیشن کمزورہے۔ساری اپوزیشن اول تو ایک ہو نہیں سکتی، اگر اکٹھی ہو بھی جائے تو بھی وزیراعظم کے سامنے ان کی کوئی حیثیت نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ گورنر سندھ نے کہاکہ اپوزیشن کی آنیاں، جانیاں اسی طرح چلیں گی۔ اپوزیشن پر عوام عدم اعتماد کا اظہار کر چکے، یہ عدم اعتماد کیا لائیں گے۔ عثمان بزدار سے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاک ہ پی ٹی آئی حکومت سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے اور سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ کیلئے تمام تر اقدامات کئے گئے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پید کی گئی ہیں اور پنجاب کا بزنس فرینڈلی ماحول دوسرے صوبوں کے لئے مثال بن چکا ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی زیرصدارت ایلیویٹڈ ایکسپریس منصوبے سے متعلق اجلاس میںایل ڈی اے کے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کو جلد شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے سے عوام کو موٹروے تک آسان رسائی ممکن ہوگی۔ کینال اور ملتان روڈ پر ٹریفک کا دبائو کم ہوگا۔ شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت میسر آئے گی۔