اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کابینہ کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ میں ایک ساتھ 5 معاونین خصوصی کا مزید اضافہ کر دیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ممبر قومی اسمبلی رائو اجمل‘ شائستہ پرویز اور قیصر احمد شیخ کو معاونین خصوصی تعینات کر دیا۔ ارکان قومی اسمبلی محمد حامد حمید اور ملک سہیل خان بھی معاونین خصوصی تعینات ہو گئے۔ نئے معاونین خصوصی کی تعیناتی کے بعد کابینہ کی تعداد بڑھ کر 83 پر پہنچ گئی ہے جن میں وزیراعظم کے 38 معاونین خصوصی‘ 34وفاقی وزرائ‘ 7 وزارء مملکت اور 4 مشیر شامل ہیں۔ تمام 5 نئے معاونین خصوصی کا عہدہ وزیرمملکت کے برابر ہوگا۔ نئے معاونین خصوصی کو کوئی قلمدان نہیں دیا گیا اور یہ بلامعاوضہ کام کریں گے۔ایم این اے چودھری عابد رضا نے معاون خصوصی عہدے سے معذرت کر لی۔ چودھری عابد رضا کی معاون خصوصی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔