ملتان (سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ملتان میں ضمنی الیکشن کے موقع پر الیکشن کمشن کا دفتر آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے دوران اس وقت میدان جنگ بن گیا جب پی ٹی آئی اور مسلم لیگ کے کارکنان ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے کی قیادت پر غیر مناسب نعرے بازی کی گئی۔ اسی رنجش پر دونوں پارٹیوں کے کارکنان ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے۔ اس دوران دونوں طرف سے گملوں اور اینٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ جس سے 7 افراد زخمی ہو گئے۔ دونوں جماعتوں کے کارکنان نے ایک دوسرے کو دیکھ کر پہلے اپنے قائدین کے حق میں نعرے بازی شروع کی۔ اس دوران جب مسلم لیگ ن کے کارکنان الیکشن کمیشن کے دفتر کے اندر چلے گئے اور دروازہ اندر سے بند کرلیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنان جو سخت مشتعل تھے نے الیکشن کمیشن کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔ انہوں نے دروازوں کھڑکیوں پر پتھراؤ کیا جس سے شیشے ٹوٹ گئے۔ اس دوران پتھراؤ کی زد میں آکر مسلم لیگ ن کے یوسی ٹکٹ ہولڈر رانا اشتیاق، عبدالرحمان، حمید، جنرل کونسلر خالد پپو ، شاہد مختار لودھی سمیت مسلم لیگ ن کے 7 کارکنوں زخمی ہوگئے۔ جس میں رانا اشیاق کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ کارکنوں میں تصادم کے بعد ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے پولیس کی اعلی حکام کو موقع پر طلب کرلیا۔ سی پی او ملتان منصورالحق نے طویل میٹنگ کے بعد ذمہ دار افراد کی گرفتاریوں کے احکامات جاری کردیئے۔ پولیس کی بھاری نفری نے ڈیرا اڈا میں واقع ڈوگر ہاؤس پر چھاپہ مار دیا۔ اس دوران پولیس نے میاں جاوید قریشی سمیت 10 سے زائد پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔ سابق ایم این اے ملک عامر ڈوگر اس دوران خود باہر آ گئے اور پولیس کو از خود اپنی گرفتاری دے دی۔ اس دوران پی ٹی آئی کارکنان نے ان گرفتاریوں کے خلاف ڈیرہ اڈہ چوک پر ٹائر جلا کے ٹریفک کو روک دیا۔ پولیس نے اس دوران مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق ایم این اے شیخ طارق رشید ، شیخ ندیم قریشی کو بھی ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔ پولیس انہیں بھی ڈالے میں بٹھا کے تھانے لے گئی ۔اسی طرح پولیس نے سابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر رانا محمودالحسن کو بھی چھاپہ مار کر گرفتار کیا تاہم گرفتاری کے کچھ دیر بعد ہی انہیں رہا کردیا گیا۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ عامر ڈوگر قومی اسمبلی کے تحریک انصاف کے ساتھ چیف وہپ کی گرفتاری فسطائیت کی مثال ہے۔ فواد چودھری نے عامر ڈوگر کی گرفتاری پر ردعمل میں کہا ہے کہ عامر ڈوگر کی گرفتاری سے جیل بھرو تحریک کا آغاز ہو گیا ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پی ڈی ایم اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال بند کرے۔پولیس تھانہ پرانی کوتوالی نے الیکشن کمشن کے دفتر میں ہونے والی ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جاوید اقبال کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے۔ مقدمہ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی دفعہ 7 بھی لگائی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں پاکستان تحریک انصاف کے ملک عامر ڈوگر ، ملک عدنان ڈوگر، ندیم قریشی، حاجی جاوید اختر انصاری، محمد ظہیر، سعید اختر، چودھری خالد اشرف ناصر اور دیگر اڑھائی سو سے تین سو نامعلوم افراد شامل ہیں۔ اسی طرح مقدمہ مسلم لیگ ن کے شیخ طارق رشید، حاجی احسان الدین قریشی، عبدالرحمن، مرزا عاصم سعید حسن، طارق انجم منیر، سید نوید عباس سمیت دیگر ڈھائی سو سے تین سو نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ گرفتار اراکین اسمبلی اور دیگر کارکنان کو آج ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ملتان : الیکشن کمشن آفس میں تحریک انصاف ، ن لیگ کی لڑائی ، عا مر ڈوگر 10کارکنوں امیت گرفتار
Feb 09, 2023