اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔ وفاق نے کہیں بھی یہ نہیں کہا کہ ہم الیکشن نہیں کرائیں گے۔ الیکشن کا انعقاد حکومت نہیں الیکشن کمشن کا کام ہے۔ وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات جاری ہیں، حتی الامکان کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات پاکستان کے حق میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی آئی ایم ایف معاہدہ ہے جو عمران خان کر کے گئے تھے۔ گزشتہ حکومت اس معاہدے کو معطل کرکے گئی تھی۔ موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کی جانب جانے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، تھوڑا انتظار کرلیں، آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدہ ہوگا قوم کے سامنے لائیں گے۔ آئی ایم ایف مذاکرات پر قیاس آرائیاں کسی کے مفاد میں نہیں۔