کیمیکل انڈسٹری کے فروغ کیلئے کیمیائی پالیسی کی اشد ضرورت ہے:وزیر بلدیات


لاہور(خبرنگار) وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ کیمیکل انڈسٹری کے فروغ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک مربوط کیمیائی پالیسی کی اشد ضرورت ہے۔ وہ گزشتہ روزپاکستان کیمیکل ایکسپو 2023ء کا دورہ کر رہے تھے۔ابراہیم حسن مراد نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور عوام میں گھل مل گئے۔ انہوں نے ایکسپو سنٹر میں اکڈیمیا انڈسٹری تعلقات کے فروغ پر پینل ڈسکشن میں بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ کیمیکل ایکسپو کا انعقاد خوش آئند ہے نیز ملکی ترقی کیلئے اکڈیمیا اور انڈسٹری کا مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ اکیڈمیا اور انڈسٹری میں پایا جانے والا گیپ ملکی ترقی کیلئے نیک شگون نہیں ہے۔ کیمیکل کی درآمدات کو کم کر کے ملکی معیشت کو سہارا دیا جا سکتا ہے اور ادائیگیوں میں عدم توازن بھی بہتر کیا جا سکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے تجویز دی کہ تھائی لینڈ اور سنگاپور کی طرح نیپتھا کریکنگ پلانٹس کی تنصیب وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خام مال کی بروقت درآمد سے متعدد مسائل حل ہو جائیں گے۔انہوں نے زور دیا کہ کیمیکل سے متعلقہ تمام صنعتوں کو یکجا ہوکر ملکی ترقی کے لیے کام کرنا چاہئیے اور اکڈیمیا و انڈسٹری کے مابین روزانہ کی بنیاد پر انٹرایکشن کی ضرورت ہے۔
ابراہیم حسن مراد نے مزید کہا کہ ایکڈیمیا اور انڈسٹری کے لوگ ایک دوسرے کے تجربات اور مشاہدات سے سیکھیں اور اپنی انڈسٹری کو امپورٹڈ ماڈلز کے بجائے اپنے ماڈلز بنانے کی کوشش کریں چاہئیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کیمیکل انڈسٹری کے فروع کے لیے نگران حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ بعد ازاں انہوں نے انڈسٹری کے مختلف معززین کو سوونئر بھی پیش کیے۔

ای پیپر دی نیشن