لاہور(خصوصی نامہ نگار)پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ قرآن حکیم تاجدارِ کائنات کا وہ زندہ معجزہ ہے جو آج ہمارے درمیان موجود ہے۔ صحابہ کرام قرآن مجید سے ہمیشہ اپنا گہرا تعلق قائم رکھتے۔ قرآن کریم قیامت تک آنے والے مسلمانوں کیلئے راہ ہدایت ہے اور یہ تشنگان علم کو سیراب کرتا رہے گا۔ جب قرآن کے ساتھ روح، نفس اور جسم کے رشتے پختہ ہو جائیں گے تو پھر قرآن رشتہ معرفت عطاء کرتا ہے۔ قرآن سے محبت اور احترام کا رشتہ استوار کرنا ہوگا۔
پھر ہمیں قرآن کے فیوض و برکات نصیب ہوں گے۔قرآن حکیم تخلیق کائنات کے اسرار ظاہر کرنے والا نسخہ ہے۔امت مسلمہ کو عروج اور کامیابیوں کیلئے قرآن حکیم سے رہنمائی لینا ہوگی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی تحریک کا نام منہاج القرآن اس لئے رکھا تاکہ یہ قرآن مجید سے فیض لیکر لوگوں تک پہنچائے۔ اس تحریک کا منشور قرآن ہے، اس تحریک کا پیغام یہی ہے کہ قرآن کے ساتھ ایسا تعلق استوار کرلیں کہ پھر زندگی کے کسی معاملے میں کوئی آپ کوشکست نہ دے سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آغوش کمپلیکس میں منہاج انسٹی ٹیوٹ آف قرات اینڈ تحفیظ القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ محفل حسن قرات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل حسن قرات میںملک پاکستان کے نامور قاری اللہ بخش نقشبندی، قاری علی حسن، قاری سید خالد حمید کاظمی، قاری عبدالماجد نور، قاری سردار انعام اللہ نعیمی نے خصوصی شرکت کی۔