کاغذات مکمل کرکے رواں ماہ ویلفیئر کے تمام کیسز نمٹائے جائیں: آئی جی

Feb 09, 2023


لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ پنجاب پولیس فیملی کی مانند اور بحیثیت سربراہ اپنے خاندان کے ہر رکن کی ویلفیئر کا مناسب خیال رکھنا ترجیحات میں سرِ فہرست ہے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس کے غازیوں اور دوران سروس حادثات کے باعث معذوری کا شکار ہونے والے ملازمین کی مالی مشکلات اور مسائل کے ازالے کیلئے تاریخی اقدامات کرتے ہوئے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور یونٹ سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع کے شہداء ، غازیوں،حاضر سروس و ریٹائرڈ ملازمین کے ویلفیئر کیسز کو فروری میں لازمی نمٹایا جائے اور جن کیسز پر سنٹرل پولیس آفس سے فنڈز کا اجراء ہونا ہے، انکے کاغذات مکمل کرکے سفارشات سنٹرل پولیس آفس بھجوانے میں ہر گز تاخیر نہ کی جائے۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کے مشن میں معذور ہونے والے جوان ہمارا فخر ہیں اور ان بہادر غازیوں، معذوروں اور بیماروں کیلئے نئے خصوصی ویلفیئر پیکج کے تحت مصنوعی اعضاء ، الیکٹرک وہیل چیئر زو بیڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں لاہور پولیس کے غازیوں میں ویلفیئر پیکج کے تحت امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے لاہور پولیس غازیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے 32لاکھ 50ہزار کے امدادی چیک تقسیم کیے۔

مزیدخبریں