سکول جانے والے ایک تہائی بچوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں: یونیسکو

Feb 09, 2023


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس، تعلیم اور ثقافت یونیسکو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سکول جانے والے ہر 3 میں سے ایک بچے کو پینے کے صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں جس کے نتیجے میں طالبعلموں کی صحت اور سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ یونیسکو کی جانب سے جاری ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں ہر 3 میں سے ایک سکول میں ٹوائلٹ اور نکاسی آب کی بنیادی سہولیات موجود نہیں جبکہ لگ بھگ 50 فیصد سکولوں میں پانی اور صابن سے ہاتھ دھونے کی سہولیات دستیاب نہیں۔  دوسری جانب پاکستان میں 42 فیصد بچوں کے اسٹنٹنگ کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اسلام آباد میں پائیدار ترقی کے اہداف پر پارلیمانی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ یونیسف حکام نے ٹاسک فورس کو بریفنگ  میں بتایا کہ پاکستان میں 9.4 فیصد لڑکے اور9 فیصد لڑکیاں موٹاپے کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ 42 فیصد بچے اسٹنٹنگ کا شکار ہیں۔ یونیسف حکام کا مزید کہنا تھا کہ 20.5 فیصد جوان لڑکوں اور20.7 فیصد جوان لڑکیوں کا  وزن زیادہ ہے۔ نوجوان لڑکوں میں 12.6 فیصد اور لڑکیوں میں 12.1 فیصد ذیا بیطس میں مبتلا ہیں۔ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بچوں کے لیے فارمولا دودھ کی انڈسٹری میں اضافہ ہو رہا ہے۔
یونیسکو

مزیدخبریں