اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور بورڈ کے سینئر افسران سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران وزیر نے ممبر ایڈمن ڈاکٹر فیض الٰہی میمن کی خدمات کو سراہا جو کہ جاریہ ماہ کی 15 تاریخ کو سبکدوش ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ایف بی آر کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور انسانی وسائل کو احسن طریقے سے سنبھالنے میں ممبر کے تعاون کو بھی سراہا۔ اسحاق ڈار نے برادر اسلامی ملک ترکیہ اور شام میں حالیہ زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے پاکستانی عوام، تاجروں، سرمایہ کاروں اور مخیر حضرات سے مالی امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ترکیہ میں 7.8شدت کا زلزلہ آیا جس کے باعث ملک کے انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا، لہٰذا ترکیہ کی امداد کے لئے خصوصی فنڈ تشکیل دیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ امدادی فنڈ کے لئے نیشنل بنک میں اکاؤنٹ کھول دیا گیا ہے، کابینہ ارکان فنڈ میں ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔ بزنس کمیونٹی سے گزارش ہے کہ وہ بھی پرائم منسٹر ریلیف فنڈ ترکیہ کے اکاؤنٹ نمبر جی 12166 میں عطیات دیں اور اپنے چیمبرز میں چندہ اکٹھا کریں۔
اسحاق ڈار