اسلام آباد(وقائع نگار)سی ڈی اے چیئرمین نور الامین کی ہدایات پرسینئرسپیشل مجسٹریٹ نے وفاقی دارالحکومت کے تاجروں کو(پیورفوڈ آرڈیننس1960کی خلاف ورزی پر)ہیلتھ کارڈ،ویکسینیشن نہ کروانے پر 46000روپے کے جرمانوں کی سزا سنائی ہے،عدالت نے سی ڈی اے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے پاس ویکسین کی کھیپ ختم ہونے پرنوٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو سینئر سپیشل مجسٹریٹ سردار محمد آصف نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے تاجروں کو سی ڈی اے ہیلتھ کارڈ اور ویکسینیشن نہ کروانے پر 46000روپے کے جرمانے کر دیئے۔ اس موقع پر تاجر یونین کے عہدیدار سردار محمد ظہیر نے عدالت حاضر آ کر یقین دہانی کروائی کہ تاجر برادری کو مکمل طور پر احساس ہے،جامع حکمت عملی ہم نے ترتیب دے دی ہے عدالت ہمیں 10دن کا وقت دے، پورے اسلام آباد کے تاجر حضرات ہیلتھ کارڈ اور ویکسینیشن بھی کروالیں گے۔ عہدیدار نے عدالت کو مزید بتایا کہ اس وقت سی ڈی اے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے پاس انجکشنز کی کھیپ ختم ہے ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ انجکشن تاجروں کو بروقت لگوانے چاہئے تھے
،عدالت سے مہلت کی استدعا ہے۔جس پر عدالت نے کہا کہ شہریوں کی جان کی ہر حال میں حفاظت کریں گے کسی کو ان کی زندگیوں سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ عدالت نے اس موقع پر ہیلتھ ویکسین کے خاتمے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ڈی اے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو جمعہ کو طلب کرلیا،واضح رہے کہ عدالت نے پیر کو پیورفوڈ آرڈیننس1960 کی خلاف ورزی پر 9ملزمان کو اڈیالہ جیل بھیج دیا تھا۔
سی ڈی اے ہیلتھ کارڈ،ویکسینیشن نہ کروانے پر تاجروں کو 46000روپے جرمانہ
Feb 09, 2023