پیپلز پارٹی‘ ایم کیو ایم شہر کی بربادی کے ذمہ دار: پاسبان


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ کراچی کی تباہی و بربادی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہیں۔  پی پی پی اور ایم کیو ایم کی پالیسیوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ کراچی کے لوگوں نے تمام پارٹیوں کا ظلم و جبر سہا ہے، اب کراچی والے نئی سیاسی جماعت کو موقع دیں۔ کراچی جیسے بڑے اور اہم شہر کو دوبارہ جگمگانے کے لئے چارٹرڈ سٹی کا آئینی درجہ دیا جانا ناگزیر ہے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ملک بھر کے اراکین اسمبلی سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ملک و قوم کے مفاد کا پاس کرے اور ایسے ممبران سینیٹ کو منتخب کرے جو قومی مفادات کے علمبردار ہوںتا کہ ملک کی پٹری سے اتری ہوئی گاڑی کو دوبارہ پٹری پر چڑھایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار عبدالحاکم قائد نے پاسبان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیر اہتمام نارتھ کراچی یوسی 2 کی تنظیم سازی کے موقعہ پر ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر پاسبان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے جنرل سیکریٹری محمد صادق، سینیئر نائب صدر سلیم جنجوعہ ،جوائنٹ سیکریٹری رضوان آرائیں و دیگر ورکرز موجود تھے۔ اس موقعہ پر بلال قریشی کو یو سی 2 کا صدر ، ملک ارشد کو نائب صدر، جبکہ رضوان آرائیں، جاوید بھائی اور رضوان شیخ کو پی ایس 123 کا آرگنائزر مقرر کیا گیا۔ واضح رہے کہ پاسبان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیر اہتمام یوسی 2میں ممبر سازی مہم شروع کر دی گئی ہے۔       

ای پیپر دی نیشن