کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سینیٹری ورکرز کی کم سے کم تنخواہ 25 ہزار ادا کرنے کے حکم پر عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے مختلف محکموں کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سینیٹری ورکرز کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 25ہزار روپے مقرر کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ میں سینیٹری ورکرز کو 17ہزار تنخواہ دی جارہی ہے، 25ہزار روپے سے کم تنخواہ دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔وکیل نے عدالت میں کہا کہ سندھ حکومت نے 7جولائی 2022کو مزدوروں کی تنخواہ 25ہزار روپے مقرر کی تھی۔عدالت نے مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ 25ہزار ادا کرنے کے حکم پر عمل درآمد کا حکم دیا، عدالت نے کہا کہ صوبے میں سینیٹری ورکرز کی کم سے کم تنخواہ 25ہزار روپے یقینی بنایا جائے۔عدالت نے محکمہ لیبر کو مختلف محکموں سے رپورٹ منگوا کر جائزہ لینے کا حکم بھی دیا جبکہ سندھ حکومت کو درخواست گزار کی تجاویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔درخواست کی مزید سماعت 2 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
سینیٹری ورکرز کی کم از کم 25ہزار تنخواہ یقینی بنانے کا حکمq
Feb 09, 2023